جرمنی کا صدر ٹرمپ کے ویسٹ بینک سے متعلق مؤقف پر خیر مقدم

 ویسٹ بینک کا الحاق اور بستیوں کی تعمیر دو ریاستی حل کی بڑی رکاوٹ ہیں:جرمن وزارتِ خارجہ
برلن( آن لائن )جرمنی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کو ویسٹ بینک کو اپنے ساتھ الحاق کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔جرمن وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے جمعہ کے روز اپنے بیان میں کہا کہ "ویسٹ بینک کا الحاق اور وہاں یا مشرقی یروشلم میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر، دو ریاستی حل کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ جرمنی ہمیشہ سے اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ممکن ہے، جس کے تحت اسرائیل اور فلسطین دونوں کو محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر رہنے کا حق حاصل ہو۔