سپریم کورٹ نے16 ہزار بوتل شراب برآمدگی کیس میں پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کردیا‘ جواب طلب
اسلام آباد (آ ئی این پی )سپریم کورٹ میں لائسنس ہولڈر سے 16 ہزار بوتل شراب برآمدگی کیس میں عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرکے سماعت ملتوی کر دی۔سرکاری تحویل سے 16 ہزار بوتل شراب کی واپسی کی درخواست پر دو رکنی بینچ نے سماعت کی،جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دئیے کہ اتنی شراب کہاں لیکرجا رہے تھے اور واپسی کے بعد کیا کریں گے۔وکیل نے کہا کہ ان کا موکل ویروملک لائسنس ہولڈرہے،شراب کوٹ ادو سے نواب شاہ جا رہی تھی،جسٹس شکیل احمد نے استفسارکیا کیاضبط شدہ شراب کی واپسی کے لئے مجسٹریٹ کو درخواست دی گئی۔انہوں نے دوران سماعت ریمارکس دیئے ویسے شراب جتنی پرانی ہواس کی کوالٹی اتنی بہتر ہو جاتی ہے،جس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔