پنجاب حکومت نے سیہون حادثے پر سیاست کی ( شرجیل میمن)آئینہ انکو دکھایا تو برا مان گئے عظمی بخاری

  سڑکیں مکمل نہیں ہوئیں تو یہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے‘پنجاب کی وزیر اطلاعات جب شعلہ بیانی کرتی ہیں تو یہ سمجھ لیں  جواب بھی آئے گا:سینئر وزیر سندھ
صوبائیت کارڈ کھیلنا پیپلز پارٹی کی پرانی عادت ہے‘سندھ میں تمام بڑے  منصوبے وفاق کی معاونت سے چل رہے ہیں،مسلسل شعلہ انگیزیاں آپ اور آپ کے لوگ دے رہے ہیں:وزیراطلاعات پنجاب
 کراچی(آئی این پی )سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے  سیہون حادثے پر پنجاب حکومت نے سیاست کرنے کی کوشش کی، وفاق میں سب سے زیادہ حکومت مسلم لیگ ن کی رہی ہے، اگر سڑکیں مکمل نہیں ہوئیں تو یہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے، پنجاب کی وزیر اطلاعات جب شعلہ بیانی کرتی ہیں تو یہ سمجھ لیں کہ جواب بھی آئے گا، ہم جھوٹی باتیں نہیں کریں گے، ہم صرف آپ کو سچ بتائیں گے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام مین کا کہنا تھا کہ  ہمیں 180ارب روپے ملنے چاہئیں جس سے سڑکوں کو بہتر کریں، ہمارے 180ارب روپے سپریم کورٹ میں پڑے ہیں، سندھ حکومت کے پیسے عدالت میں جمع ہورہے ہیں، پورے پاکستان کی ٹریفک نے سندھ بھر کی سڑکوں پر چلنا ہے، آپ ہم پر بوجھ ڈالتے جارہے ہیں اور ہاتھ پاں بھی ہمارے ہی باندھتے جارہے ہیں۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حادثات میں جانیں جانا کوئی کھیل نہیں، سیہون کی سڑک وفاقی حکومت نے بنانی ہے تو بنائے ورنہ ہمیں بتادیں، ہم وفاقی حکومت سے جائز بات کررہے ہیں لڑائی نہیں کررہے، ہم نے کبھی بلیک میلنگ کی سیاست نہیں کی،وہ دوسری پارٹیاں کرتی تھیں۔صوبائی وزیر نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت جس طرح کی سیاست کررہی ہے یہی ان کو آئینہ دکھانے کیلئے کافی ہے

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے  آئینہ انکو دکھایا تو برا مان گئے، صوبائیت کارڈ کھیلنا پیپلز پارٹی کی پرانی عادت ہے۔ سندھ میں تمام بڑے  منصوبے وفاق کی معاونت سے چل رہے ہیں ۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں تمام بڑے پروجیکٹ وفاق کی مدد سے چل رہے ہیں، مسلسل شعلہ انگیزیاں آپ اور آپ کے لوگ دے رہے ہیں، ہمیں تو کبھی کبھی جواب دینا پڑ جاتا ہے تو آپ خفا ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں ہم نے کبھی سیاست نہیں کی، کیا ہر معاملے میں چچا بھتیجی کا ذکر کرنا سیاست نہیں ہے ، ہماری مجبوری ہے کھل کر آپ کو جواب بھی نہیں دے سکتے، ورنہ سندھ کے بلدیاتی الیکشن سے لیکر بہت ساری کہانیاں ہمارے پاس بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوجائے تو آپ تڑپنا شروع کر دیتے ہیں، سندھ میں جانور بندھے سکولوں اور ٹرانسپورٹ کا رونا سالوں سے لوگ رو رہے ہیں، اپنی حکومت کی 16 سال کی کارکردگی اور مریم نواز کی ایک سال کی کارکردگی کا جب دل چاہے معائنہ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعت 16 سال سے کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی وہ ہمیں لیکچر نہ دے، اگر آپ کو کبھی صفائی اور خوبصورت سڑکیں دیکھنے کا شوق ہو تو لاہور لازمی چکر لگائیں۔ #