سٹاک ایکسچینج کا ایک لاکھ ساٹھ ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرنا حکومتی پالیسیوں میں اعتماد کا مظہر ہے:وزیراعظم

اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم  شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ایک لاکھ ساٹھ ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر مسرت کا اظہار کیا  ہے۔وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم، کاروباری برادری اور حکومت کی انتھک محنت سے سٹاک ایکسچینج میں ہر دن بلندیوں کی ایک نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے،پاکستان سٹاک ایکسچینج کا ایک لاکھ ساٹھ ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرنا کاروباری برادری کے حکومتی پالیسیوں میں اعتماد کا مظہر ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے، انشا اللہ اب معاشی ترقی کا سفر تیزی سے جاری رہے گا۔