چین کے ساتھ تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے:مرتضیٰ سولنگی کی سلیم مانڈوی والا کیساتھ پریس کانفرنس
اسلام آباد( آن لائن ) ایوانِ صدر کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مشترکہ میڈیا بریفنگ میں کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا چین کا دس روزہ دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔ یہ ایک ماہ میں صدرِ مملکت کا دوسرا غیر ملکی دورہ اور سال 2025 کا دوسرا چین کا سرکاری دورہ ہے۔ ترجمان نے کہا صدر کے حالیہ دورے کو میڈیا نے بھرپور کوریج دی، جس پر ہم شکر گزار ہیں۔ میڈیا کے ساتھ صدر کا انٹریکشن ابھی شروعات ہے اور آئندہ مزید بڑھایا جائے گا۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ گزشتہ تین چار ماہ میں پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور چین کے ساتھ تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔ دورے کے دوران صدرِ مملکت نے چینی حکام اور صوبائی اداروں سے اہم ملاقاتیں کیں، کئی سائیڈ لائن سیشنز اور ایم او یوز سائن ہوئے۔ زراعت، ٹیکنالوجی، اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت پر اتفاق کیا گیا۔ترجمان کے مطابق صدرِ مملکت کو چین کے **انٹرنیٹیکل کمپلیکس** کا دورہ بھی کرایا گیا، جو پہلی بار کسی غیر ملکی سربراہ کو دکھایا گیا۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ صدر مملکت نے اپنے دورِ صدارت میں چین کے آٹھ سے نو دورے کیے جن میں سے صرف دو سیاسی نوعیت کے تھے، باقی سب معاشی اور تکنیکی تعاون پر مبنی تھے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری پہلے سربراہ ہیں جنہوں نے کاشغر کا دورہ کیا، اس سے قبل کسی بھی غیر ملکی صدر نے کاشغر کا دورہ نہیں کیا۔