پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے خصوصی پنک تھیم کٹ متعارف کرادی ہے تاکہ بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم "PINKtober" کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جس میں قومی کھلاڑی پنک جرسی پہن کر اس اہم مسئلے کے بارے میں شعور بیدار کریں گے۔ امپائرز، عملہ اور کمنٹیٹرز بھی پنک ربن پہن کر اس مہم کی حمایت کریں گے۔پی سی بی کے سی ای او سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو معاشرتی آگاہی کے لیے استعمال کرنا فخر کی بات ہے، کیونکہ بروقت تشخیص بہت سی جانیں بچا سکتی ہیں۔ میچ کے دوران استعمال ہونے والے اسٹمپس پر بھی پنک برانڈنگ ہوگی اور میدان کے اطراف بھی آگاہی پیغامات دکھائے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پی سی بی نے کسی بین الاقوامی میچ میں بریسٹ کینسر آگاہی مہم کو شامل کیا ہے، اس سے قبل یہ مہم صرف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران "پنک ڈے" ایونٹس کے ذریعے منائی جاتی تھی۔ اس اقدام سے نہ صرف کھیل کو سماجی فہم کے لیے استعمال کرنے کا پیغام دیا گیا ہے بلکہ صحت کے اہم موضوع پر بھی شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔