پنجاب :میڈیکل میں داخلہ، 50 ہزار 461 امیدوار ٹیسٹ میں شریک

12 شہروںمیں 27 امتحانی مراکز قائم ، لاہورمیں 36 ہزار سے زائد امیدوارتھے 
جوابی کلید یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر جاری ،سرکاری نتائج ایک ہفتے کے اندر متوقع 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس)کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹامتحان (انٹری ٹیسٹ)گزشتہ روز منعقد ہوا،اس حوالے سے 12 شہروںمیں 27 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے جہاں مجموعی طور پر 50 ہزار 461 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔ تمام مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا تھا، انٹری ٹیسٹ میں 36 ہزار 702 طالبات اور 13 ہزار 759 طلباء شریک ہوئے۔ لاہور میں سب سے زیادہ 11 ہزار 906 امیدواروں نے 6 امتحانی مراکزپنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہال، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن گلبرگ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ، ڈی پی ایس ٹاؤن شپ، بی آئی ایس ای ہالز اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں امتحان دیا۔دریں اثناء￿  راولپنڈی میں 6ہزار910، ملتان 8ہزار313، فیصل آباد 5ہزار824، بہاولپور 3ہزر 14، گوجرانوالہ 2ہزر665، سیالکوٹ 2ہزار786، ڈی جی خان 2ہزار408، گجرات 1ہزار402، سرگودھا 2ہزار 91اور ساہیوال میں 2ہزار688 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، امتحان صبح 10 بجے شروع ہوا اور دوپہر 1 بجے ختم ہوا۔اس دوران لاہور میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن حامد یعقوب شیخ نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن گلبرگ کا دورہ کیا اورانتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یو ایچ ایس اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے خود پنجاب یونیورسٹی سینٹر کا معائنہ کیا اور ٹیسٹ کا جائزہ لیا۔یاد رہے جوابی کلید رات 10 بجے یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ،امیدوار سیلف سکورنگ کر سکتے ہیں جبکہ سرکاری نتائج ایک ہفتے کے اندر متوقع ہیں۔