ان صوبوں کے میڈیکل کے طلبا کے لیے 333سیٹوں کا اضافہ کیا گیا ہے، بلوچستان اور کے پی کے کالجز کواپنے سٹینڈرڈ اور سیٹوں کو بڑھانے کاکہا ہے ،وفاقی وزیرصحت
بھارت کی بڑھکیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، مریضوں کو بے دخل کرنا غلط بات،ان کاعلاج پاکستان کے مختلف ہسپتالوں میں کیاجائیگا، مصطفی کمال کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (آئی این پی )وزارت صحت اور پاکستان میڈیکل کونسل کی جانب سے فاٹا اور بلوچستان کے طلبا کے لئے میڈیکل کی سیٹیں بڑھانے کا اعلان کردیا گیا، طلبا ملک کے چاروں صوبوں میں کہیں بھی داخلہ لے سکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے پی ایم ڈی سی اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہم شعبہ صحت میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ بلوچستان اور کے پی میں میڈیکل کے طلبا کا گھمبیر مسئلہ چل رہا تھا جس کو حل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے 190طلبا کے لیے ہم نے اضافی سیٹیں دی ہیں ہم پی ایم ڈی سی کی ٹیم اور کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان صوبوں کے میڈیکل کے طلبا کے لیے 333سیٹوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہم نے بلوچستان اور کے پی کے کالجز کو کہا کہ اپنے سٹینڈرڈ اور سیٹوں کو بڑھائیں تا کہ ان طلبا کو ان کے صوبے میں داخلہ مل سکے۔موجودہ ملکی صورتحال پر بات کرتے مصطفی کمال نے کہا کہ بھارت کی بڑھکیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، وہاں سے مریضوں کو بے دخل کرنا غلط بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کی جانب سے ان مریضوں کا علاج پاکستان کے مختلف ہسپتالوں میں کیا جائے گا۔