ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ، 1لاکھ 38 ہزار امیدوار شریک

 امتحانی مراکز قائم پر سخت سکیورٹی ،جعلی پرچہ سوشل میڈیا پر گردش کرتارہا
لاہور،اسلام آباد ،کراچی (خصوصی رپورٹ)ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لیاگیا ،ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوئے۔ امتحانی مراکز پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے،جعلی پرچہ سوشل میڈیا پر گردش کرتارہا، سکھر میں شدید گرمی سیکئی طلبہ کی حالت خراب، وی سی آئی بی اے سکھر بھی اچانک بے ہوش ہوگئے۔ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ اتوار کو10بجے شروع ہوا اور 3 گھنٹے بعد مقررہ وقت پر ختم ہو ا۔ ٹیسٹ کیلئے ملک کے 34 شہروں اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے۔ایم ڈی کیٹ کیلئے ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، پنجاب کے میڈیکل کالجز کیلئے 49 ہزار 199، خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 841 اور سندھ میں 34 ہزار 233 امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہوئے۔بلوچستان میں 9 ہزار 923، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 761 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 721 امیدوار رجسٹرڈ تھے۔ 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالیہ بینک تیار کیا گیا، ہر صوبے کیلئے علیحدہ پرچہ ہوا جبکہ دو اضافی پرچے بھی تیار کیے گئے۔