لاہور(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اسلام آباد،تہران،استنبول ٹرین سروس 31 دسمبر کو دوبارہ بحال کی جا رہی ہے،ریکوڈک منصوبے کے لئے چار سو کلومیٹر تک نیا ٹریک بچھایا جا رہا ہے ، کل884کلومیٹر ٹریک ہے، روہڑی ،کراچی500کلومیٹر ٹریک کیلئے ورلڈ ایشیئن بینک سے 2 بلین ڈالر کے معاہدہ کیلئے بات چیت جاری ہے، جولائی 2026 تک روہڑی کراچی ٹریک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ افسروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ٹریک کی بہتری کیلئے بات چیت چل رہی ہے ،ایم ایل ٹو پر بھی معاملات پر غور و خوض ہو رہا ہے، شالیمار ایکسپریس کے افتتاح کیلئے وزیر اعظم سے 7 نومبر کا وقت مانگ رہے ہیں، رحمن بابا ایکسپریس کو اپ گریڈ کریں گے، ریلوے کارگو ایکسپریس سے 3ا رب 50کروڑ روپے زائد کمائے ہیں، 23مارچ 2026تک160نئی ویگنیں سسٹم میں آ جائیں گی جو ملکی سطح پر تیار ہو رہی ہیں، سیمنٹ انڈسٹری کو بھی ریلوے میں لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر ،روہڑی ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن پر 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی، ایک سو اسی کیمرے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر نصب کریں گے، ویجیلنس کو کرپشن اور چوری کے خاتمہ کیلئے متحرک کیا ہے۔ ریلوے پولیس میں پندرہ سو ملازمین کی بھرتی ہوئی ہے ،چار نومبر کو پاسنگ آؤٹ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ہمارا فریٹ رکا ہوا نہیں وہاں سے پیسے آ رہے ہیں، ریلوے کا بجٹ700ارب اور ہمارا 17ارب ہے ،کوشش ہے نئے منصوبوں کے ذریعے ریلوے کو خود کفیل بنایا جائے ، میری کوشش ہے مسافر وں کو معیاری فوڈ ملے۔