پاکستان کا کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم، بھارتی ہٹ دھرمی کو خطرہ قرار دیا

پاکستان کا کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم، بھارتی ہٹ دھرمی کو خطرہ قرار دیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارتی ہٹ دھرمی کو جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

 انہوں نے جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے 78 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں بتایا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو سری نگر پر غیر قانونی قبضہ کیا، اور 78 برس سے کشمیری عوام بھارتی جبر و ظلم کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے، مگر بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے بھارتی اقدامات سے کشمیری صورتحال مزید بگڑ گئی ہے، غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کیے جا رہے ہیں، اور انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا، اور کشمیری عوام نے ظلم کے باوجود حوصلہ دکھایا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، اور عالمی برادری کو کشمیریوں کی تکالیف کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر فورم پر حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔