کراچی سپارکو کا ریموٹ سینسنگ جیو اے آئی فاریسٹری سے متعلق تربیتی کورس کا آج انعقاد ہوگا

کراچی(آئی این پی) سپارکو کی جانب سے "جیو-اے آئی برائے جنگلاتی معلومات/ ریموٹ سینسنگ اور جیو انفارمیشن سسٹمز کی جدید ایپلی کیشنز برائے جنگلات" کے موضوع پر بین الاقوامی تربیتی کورس آج (پیر سے ) شروع ہورہاہے ۔کورس 27 تا 31 اکتوبر 2025 تک سپارکو کمپلیکس میں ہوگا۔ یہ کورس ازنیٹ کے رکن ممالک کے ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کیلئے ترتیب دیا گیا ہے۔ تاکہ وہ مصنوعی ذہانت اور جغرافیائی معلوماتی ٹیکنالوجی کو جنگلات کی موثر نگرانی، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار زمین کے انتظام میں استعمال کرسکیں۔ازنیٹ کے مختلف رکن ممالک بشمول عراق، اردن، لیبیا، تیونس، ایران اور پاکستان سے شرکا اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔ یہ تربیت لیکچرز، عملی مظاہروں اور مشقوں کے ذریعے دی جائے گی۔شرکا جیو-اے آئی فریم ورک کے تحت ماحولیاتی ڈیٹا کے تجزیے اور فیصلہ  سازی کے عمل کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔ترجمان سپارکو کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ازنیٹ کی ان مسلسل کاوشوں میں ایک اور سنگ میل ہے جو وہ خلا پر مبنی ایپلی کیشنز کے ذریعے ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی لچک میں بین الاقوامی تعاون اور علم کے تبادلے کے فروغ کیلئے کر رہا ہے۔