پاکستان نے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین سے خلاء میں بھیج دیا

 سیٹلائٹ کی لانچنگ چین کے شی چھانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے ہوئی، سیٹلائٹ پروگرام سے پاکستان کے زمینی مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا
پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اور سنگ میل ہے:احسن اقبال‘ سیٹلائٹ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعاون کی اعلیٰ مثال ہے:شہبازشریف
کراچی/شی چھانگ(آئی این پی)پاکستان کا ہر میدان میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کی جانب سے ریمو سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کر دیا گیا۔پاکستانی سیٹلائٹ کی لانچنگ چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے ہوئی، سیٹلائٹ پروگرام سے پاکستان کے زمینی مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا، فصلوں کی پیداوار، انفراسٹرکچر اور آبادی کی نگرانی ممکن ہوسکے گی۔سیٹلائٹ سیلاب، زلزلے کی بھی نگرانی کرے گا، گلیشیئرز اور جنگلات کی نگرانی سے آفات سے بچنے کے اقدامات ممکن ہوسکیں گے، سیٹلائٹ سی پیک اور قومی منصوبوں کو جغرافیائی ڈیٹا سے معاونت فراہم کرے گا۔ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ ماحولیات اور وسائل کے بہتر انتظام میں بھی مدد گار ثابت ہوگا، منصوبہ قومی خلائی پالیسی اور ویژن 2047 کے مطابق ہے۔دوسری جانب پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیٹلائٹ آج سپارکو کی جانب سے چین میں کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجا گیا اور وہ بحفاظت اپنے مدار میں پہنچ چکا ہے۔وزیر منصوبہ بندی نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اور سنگ میل ہے، پوری قوم، سپارکو ٹیم، انجینئرز، سائنس دانوں اور چین کے بھرپور تعاون کے ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں‘وزیراعظم محمدشہباز شریف نے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیٹلائٹ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعاون کی اعلیٰ مثال ہے، دونوں ملکوں کا اشتراک خلاء کی وسعتوں تک پہنچ چکا ہے۔جمعرات کو ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے سپارکو اور پوری ٹیم کو پاکستان کے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کی نئی بلندیوں کو ظاہر کرتی ہے جو سرحدوں سے آگے خلا ء تک پھیل چکا ہے، یہ ہماری مشترکہ سوچ کا مظہر ہے کہ خلائی ٹیکنالوجی کو انسانیت کی بھلائی کے لئے استعمال کیا جائے