اسلام آباد: پاکستان نے چین سے تمام پاکستانی مصنوعات کو چینی منڈی تک ڈیوٹی فری رسائی دینے کی درخواست کردی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) کے نائب چیئرمین ژو ہائی بنگ سے ملاقات کے دوران پاکستان کو افریقی ممالک کی طرز پر زیرو ٹیرف تجارتی سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔ملاقات میں دوطرفہ تجارت، بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعتی تعاون اور ڈیجیٹل و تعلیمی شعبوں میں شراکت داری کے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔احسن اقبال نے چینی حکام کو بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران چین سے پاکستان کی درآمدات 22 ارب 34 کروڑ ڈالر جبکہ برآمدات 2 ارب 71 کروڑ ڈالر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو چینی منڈی میں ڈیوٹی فری رسائی ملنے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی عدم توازن کم کرنے اور پاکستانی برآمدات بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ملاقات میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ احسن اقبال نے 576 ارب روپے کے تھاکوٹ تا رائے کوٹ منصوبے کے تحت 102 کلومیٹر طویل تھور نالہ تا رائے کوٹ سیکشن کے مالیاتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے کراچی سے روہڑی اور اس سے آگے ایم ایل ون ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن میں چین کی شمولیت کی درخواست بھی کی۔ اس کے علاوہ بابوسر ٹنل سمیت سڑکوں کے چار منصوبوں کی مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈیز میں پیش رفت اور گوادر میں باقاعدہ بحری جہاز رانی کی بحالی کے لیے چینی تعاون طلب کیا گیا۔احسن اقبال نے گوادر بندرگاہ پر پیٹرولیم کے تزویراتی ذخائر قائم کرنے کے لیے مشترکہ مطالعے کی تجویز بھی پیش کی۔ ملاقات میں کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں پر پیش رفت اور بعض بجلی گھروں کو تھر کے کوئلے پر منتقل کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا گیا۔صنعتی تعاون کے حوالے سے سیہ دق تانبے کے منصوبے کے لیے چین کی منظوری، دو سے تین خصوصی اقتصادی زونز کی مشترکہ ترقی اور سی پیک کے صنعتی ایجنڈے میں نئے منصوبے شامل کرنے کی تجاویز زیر غور آئیں۔ ان منصوبوں میں پورٹ قاسم ایلومینیم کمپلیکس، تھر میں کھاد کا کارخانہ اور دھابیجی میں آئل ریفائنری و ایندھن ذخیرہ کرنے کا کمپلیکس شامل ہیں۔
ڈیجیٹل اور تعلیمی شعبوں میں تعاون بھی ملاقات کا اہم موضوع رہا۔ دونوں جانب سے مصنوعی ذہانت سے متعلق دو معاہدوں پر عمل درآمد، راولپنڈی سے کراچی تک 1500 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک رابطے اور آئندہ دس برس کے دوران مشترکہ مالی معاونت سے 10 ہزار پی ایچ ڈی وظائف کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔