اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو قرضوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے کی ہدایت کردی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان شعبوں کو سہولیات فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کو مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کا کردار صرف قرضوں کی فراہمی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں لیٹرز آف کریڈٹ (ایل سیز) کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی کاروباری اداروں کی مدد کرنی چاہیے۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار جن کا برآمدی ڈیٹا پاکستان سنگل ونڈو میں موجود ہے یا جو ایکسیم انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، انہیں قرضوں کی فراہمی کے لیے متعلقہ ڈیٹا کو ضمانت کے متبادل کے طور پر زیرِ غور لایا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز کے کیش فلو کو بھی قرضوں کی فراہمی کے لیے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھا جائے، تاکہ کاروباری اداروں کو مالی وسائل کے حصول میں درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔انہوں نے ایس ایم ایز کے لیے بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط (Prudential Regulations) پر نظرثانی کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز اور آسان بنایا جاسکے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے اپنی خدمات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ کریں۔
جون 2028 تک 2 ہزار ارب روپے قرضوں کی فراہمی کا ہدف
اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے اپنی ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ بینکوں نے جون 2028 تک ایس ایم ایز کو مجموعی طور پر 2 ہزار ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے اور قرض حاصل کرنے والے کاروباری اداروں کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس ہدف کے تحت 886 ارب روپے کے نئے قرضے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ مزید 4 لاکھ 49 ہزار نئے قرض دہندگان کو مالی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ اور ریاض حسین پیرزادہ، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل بینک، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب کے چیف ایگزیکٹوز سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔