وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آسان کاروبار فنانس کے تحت قرض دینے کے عمل کو مزید سہل بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے ذریعے کاروباری افراد کی معاونت جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے یہ حکم بھی دیا کہ قرض کے حصول کے مراحل کو آسان تر بنایا جائے اور نئے یونٹس قائم کرنے والے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے۔یہ ہدایات مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں دی گئیں، جس میں آسان کاروبار فنانس اور کاروباری افراد کو دی جانے والی آسان قرض سہولتوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اب تک 80 ہزار سے زائد افراد کی قرض کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں اور 34 ہزار کاروباری افراد کو لون جاری کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پروگرام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور قرض حاصل کرنے والے افراد سے براہ راست فیڈبیک بھی لیا۔ انہوں نے فون پر قرض حاصل کرنے والے افراد سے بات کی اور ان کے تجربات دریافت کیے۔
اس دوران، انہوں نے عدنان علی، معین الدین، اور ندیم احمد جیسے کاروباری افراد سے بات کی، جنہوں نے آسان کاروبار فنانس سکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنے کاروبار میں بہتری کی معلومات شیئر کی۔ عدنان علی نے 3 لاکھ 55 ہزار روپے کے قرض سے اپنے کریانہ سٹور میں سامان کا ذخیرہ بڑھایا، جبکہ معین الدین نے ایک لاکھ 56 ہزار روپے سے زرعی مداخل کا کاروبار بہتر کیا۔ ندیم احمد نے بھی 8 لاکھ روپے کے قرض سے اپنے کریانہ دکان میں مال کا ذخیرہ بڑھایا اور کاروبار میں نمایاں اضافہ کیا۔مریم نواز نے کاروبار فنانس سکیم میں شامل افراد کی کامیابی کے لیے دعائیں کیں اور اس کے مزید بہتر نتائج کی امید ظاہر کی۔