کم عمری کی شادی پر قانونی کارروائی ہوگی، اعظم نذیر تارڑ کا اعلان

کم عمری کی شادی پر قانونی کارروائی ہوگی، اعظم نذیر تارڑ کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے قومی فریم ورک کا افتتاح کردیا۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون لازمی نوعیت کا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ شادی کے لیے 18 سال کی عمر کی حد پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے شادیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے کی کوششیں کی جائیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کم عمری کی شادی بچیوں کو تعلیم، صحت اور ترقی کے بنیادی مواقع سے محروم کردیتی ہے۔ بچیوں کو تعلیم اور معاشی ترقی میں مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، کیونکہ کوئی بھی قوم اپنی نصف آبادی کو ترقی کے عمل سے باہر رکھ کر آگے نہیں بڑھ سکتی۔انہوں نے واضح کیا کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون شریعت سے متصادم نہیں ہے۔ ان کے مطابق وفاقی شرعی عدالت سندھ میں کم عمری کی شادیوں سے متعلق قانون کو برقرار رکھ چکی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ صرف قانون سازی سے کم عمری کی شادیوں کا خاتمہ ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے عوامی آگاہی پیدا کرنے اور معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے کی بھی ضرورت ہے۔ اس قومی مقصد کے لیے کم عمری کی شادیوں کے خلاف پیغام ہر گھر تک پہنچانا ضروری ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کی چیئرمین شپ کے تحت کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے عالمی تعاون کو فروغ دے گا۔ اس سلسلے میں افریقی ممالک کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔انہوں نے کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون اور مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔