پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل، حکومت کا اعلان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل، حکومت کا اعلان

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 1 روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کر دی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔

 نئی قیمتوں کے بعد پٹرول 380 روپے 38 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 399 روپے 42 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کے باوجود شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف نہیں ملتا۔شہریوں کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سامان کی ترسیل کے لیے بڑی حد تک ڈیزل استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں اضافہ عام صارفین کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتا ہے۔

عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے، خصوصاً ڈیزل کی قیمت کم کی جائے تاکہ سفری اخراجات اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔