کراچی: پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے مداحوں کا انتظار ختم ہونے کے قریب ہے، معروف ناول پر مبنی سیریز کا پہلا آفیشل ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جس کے بعد شائقین میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
معروف مصنفہ فرحت اشتیاق نے سوشل میڈیا پر سیریز کے پہلے آفیشل ٹریلر کی ریلیز کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیریز کا میوزک اور آفیشل ساؤنڈ ٹریک 24 نومبر کو جاری کیا جائے گا، جس کے بعد اس پروجیکٹ سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں پاکستان کے نامور فنکاروں کی بڑی تعداد شامل ہے، جن میں ماہرہ خان، فواد خان، ہانیہ عامر، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، اقرا عزیز، صنم سعید اور بلال اشرف شامل ہیں۔ معروف اداکاروں کی اس بڑی کاسٹ کے باعث سیریز کو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اہم منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔مقبول ناول کی کہانی پر مبنی اس سیریز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کے فرائض مومنہ درید نے انجام دیے ہیں۔
سیریز کو ابتدائی طور پر 2025 میں ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر اس کی ریلیز میں تاخیر ہوگئی۔ٹریلر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بعض صارفین اپنے پسندیدہ ناول کو اسکرین پر دیکھنے کے لیے خاصے پُرجوش ہیں اور اداکاروں کی کاسٹ کو سراہ رہے ہیں، جبکہ کچھ مداحوں نے ناول کی کہانی اور کرداروں کو ڈرامائی انداز میں پیش کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ناول کے قارئین کے لیے اس سیریز کی اہمیت اس وجہ سے بھی زیادہ ہے کہ وہ پہلے ہی اس کی کہانی اور کرداروں سے واقف ہیں اور اب انہیں ان کرداروں کو ٹی وی اسکرین پر دیکھنے کا موقع ملے گا۔