مزید 37 ہسپتالوں میں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کرنیکا فیصلہ

منصوبے کا مقصد انتظامی نظام کو جدید بنانا اور طبی خدمات فراہمی کو مزید موثر بنانا ہے
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے مزید 37سرکاری ہسپتالوں کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کی تیاری شروع کر دی۔محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں میں ہسپتال مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (HMIS)نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسکے تحت انتظامی امور اور طبی خدمات کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔محکمہ صحت نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی)کے ذریعے ہسپتالوں کا تفصیلی سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے میں لاہور کے آٹھ سرکاری ہسپتال، جن میں گنگا رام، کوٹ خواجہ سعید، نواز شریف، میاں منشی، سید مٹھا، شاہدرہ ٹیچنگ، پنجاب ڈینٹل اور لیڈی ایچی سن ہسپتال شامل ہیں، جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور بہاولپور کے سرکاری ہسپتال بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔سروے کے دوران ہسپتالوں میں کمپیوٹرز، آئی ٹی آلات اور نیٹ ورکنگ کی ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تفصیلی سروے مکمل ہونے کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت کا تعین کیا جائے گا۔محکمہ صحت نے ہسپتال انتظامیہ کو سروے ٹیموں سے مکمل تعاون کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ منصوبے کا مقصد انتظامی نظام کو جدید بنانا اور طبی خدمات کو مزید موثر بنانا ہے۔