پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں کچرے کی علیحدگی کے لیے پانچ رنگ کے کوڑے دان رکھے گئے
آج سے سخت مانیٹرنگ، ناقص نظام والے سکولوں کے خلاف کارروائی ہوگی،محکمہ تعلیم پنجاب
لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ تعلیم پنجاب نے پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم نافذ کر دیا ہے۔نظام کے تحت سکولوں میں کچرا تلفی کے لیے پانچ مختلف رنگوں کے کوڑے دان رکھے گئے ہیں جن میں کالا، پیلا، لال، سبز اور نارنجی شامل ہیں۔سینئر ہیڈ ماسٹر آصف گوہر نے طلباء کو نئے نظام کے بارے میں آگاہی لیکچر دیتے ہوئے بتایا کہ طلباء کو شروع سے ہی کچرے کی علیحدگی اور ماحول دوست عادات اپنانے کی تربیت دی جائے گی۔محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور جن سکولوں میں سمارٹ ویسٹ ڈسٹ بین موجود نہیں ہوں گے، ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔