مزدور تنظیموں اورٹریڈ یونین کامسائل حل نہ ہونے پر احتجاج

کم از کم اجرت اورپنشن مہنگائی کے تناسب سے بڑھانے، گرانٹس فراہمی کے مطالبات
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کی مزدور تنظیموں اور ٹریڈ یونین کنفیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے مزدوروں کے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مزدوروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ مزدوروں کی کم از کم اجرت اورپنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے،پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت گرانٹس اور پورٹل کے مسائل حل کئے جائیں،صنعتی ،کمرشل اداروں اور بھٹہ جات پر لیبر قوانین پر عمل در آمد کرانے کیساتھ ساتھ تمام ورکرز کو ای او بی آئی، سوشل سیکورٹی اور ویلفیئر گرانٹس کا حق دلایا جائے، پرائیوٹیائزیشن کی مزدور دشمن پالیسی کے خاتمہ کا اعلان کیا جائے،کمر توڑ مہنگائی کا خاتمہ کیا جائے،برطرف مزدوروں کو ڈیوٹی پر بحال کیا جائے اور تمام شعبوں کے مزدوروں کو ٹریڈ یونین کی آزادی دی جائے۔اِس موقع پر مزدوروں نے پْر جوش انداز میں نعرہ بازی کی اور مطالبات کے حق میں تقریریں کیں۔ احتجاجی مظاہرہ سے ریلوے ورکرز یونین ورکشاپس کے سنیئر رہنما فضل واحد، متحدہ لیبر فیڈریشن پنجاب کے رہنما الطاف بلوچ، چودھری اشرف، حنیف رامے، ٹیکسٹائل پاورلومزاینڈ گارمنٹ ورکر فیڈریشن کے رہنما نیاز خان، ٹریڈ یونین فیڈریشن پنجاب کی رہنما نصرت بشیر ظفر،شبیر اوردیگر تنظیوں سے رضون الحق، مولا بخش، عبیدالرحمن، تنویر اسلم، شیخ شعیب نے خطاب کیا۔