ایکسائز:14ارب کی ریکوری کیلئے ٹیمیں تیار

 سال سے پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ، ڈی جی کا تمام ریجنز میں خصوصی مہم چلانے کا حکم 
 لاہور(خصوصی رپورٹ)ڈی جی ایکسائز نے نادہندگان سے لاہور میں پراپرٹی ٹیکس کے 14 ارب روپے کے بقایاجات وصولی کیلئے تمام ریجنز میں خصوصی مہم چلانے کا حکم دیدیا۔ خصوصی ریکوری ٹیمیں تشکیل دینے اور عدالتوں میں زیرِ التوا اپیلوں کے فیصلے جلد کروانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔ ایکسائز ذرائع کے مطابق گزشتہ 11 سال سے پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام کو معمول کی ٹیکس وصولیوں کیساتھ پرانے بقایاجات کی ریکوری بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔گزشتہ مالی سال لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک ارب روپے سے زائد کے بقایاجات وصول کیے گئے۔ رواں مالی سال پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 42 ارب 50 کروڑ وصول کرنے کا ہدف مقرر ہیجبکہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 19 ارب سے زائد وصول کیے جا چکے ہیں۔