فیملی کورٹ نے سلیم کو 6 ماہ قید اور 2 لاکھ جرمانہ کی سزا سناتے ہوئے جیل بھجوا دیا،5شریک ملزم بری
الہ آباد (خصوصی رپورٹ)پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی مہنگی پڑ گئی، شوہر کو 6 ماہ قید اور 2 لاکھ جرمانہ کی سزا سناتے ہوئے جیل بھجوا دیا، فیملی کورٹ کی جج عظمیٰ تبسم نذیر نے مجرم محمد سلیم کو حق مہر فوری ادا کرنے کا بھی حکم دیا، نکاح رجسٹرار سمیت 5 شریک ملزمان بری کردئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق فیملی کورٹ چونیاں کی جج عظمیٰ تبسم نذیر نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کی دفعہ 6(5) کے تحت دائر استغاثہ کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مجرم محمد سلیم کو 6 ماہ قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالتی حکم کے مطابق جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 15 روز قید بھگتنا ہوگی، جبکہ عدالت نے مجرم کو پہلی بیوی کے حق مہر کی رقم فوری طور پر ادا کرنے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ مدعیہ فہمیدہ بانو نے سال 2021 میں اپنے شوہر محمد سلیم کے خلاف قانونی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے پر استغاثہ دائر کیا تھا۔ عدالت نے شواہد کی روشنی میں مرکزی ملزم کو قصوروار ٹھہرایا، تاہم مقدمے میں نامزد نکاح رجسٹرار سمیت دیگر 5 شریک ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد مجرم محمد سلیم کو کمرہ عدالت سے تحویل میں لے کر جیل منتقل کر دیا گیا۔