اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں سی ڈی اے کے فائر بریگیڈ اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فائر فائٹنگ گاڑیوں کا معائنہ کیا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے فائر بریگیڈ اسٹیشن کے کال سینٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں عملے کی موجودگی اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کی بروقت دستیابی اور ذمہ داریوں کی ادائیگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاباش دی۔اس موقع پر محسن نقوی خود ڈرائیور کے ہمراہ اسکائی لفٹ گاڑی میں سوار ہوئے اور فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ایف 11 تک گاڑی کے رسپانس ٹائم کا عملی جائزہ لیا۔ اسکائی لفٹ گاڑی نے یہ فاصلہ تقریباً 12 منٹ میں طے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ہنگامی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر فائٹنگ گاڑی فوری طور پر روانہ ہونی چاہیے اور گاڑیوں کے رسپانس ٹائم کو مزید کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آگ لگنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ فائر فائٹنگ ٹیموں کا تیز رفتار رسپانس بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا سکتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ فائر بریگیڈ کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ہنگامی حالات میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔