لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 265 ریکارڈ

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 265 ریکارڈ

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جہاں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 265 ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 318 تک پہنچ گیا۔

فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق آلودہ فضا میں زیادہ دیر تک رہنے سے سانس اور آنکھوں میں جلن سمیت مختلف طبی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔فضائی آلودگی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح میں نمایاں فرق ریکارڈ کیا گیا۔ چمن پارک میں اے کیو آئی 318 رہا، جبکہ برکی روڈ پر 299 ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح ماڈل ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 260، ڈی ایچ اے میں 257، بیدیاں روڈ پر 253 اور اقبال ٹاؤن میں 250 ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب عسکری ٹین میں اے کیو آئی کی شرح نسبتاً کم، یعنی 178 رہی۔ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ فضائی آلودگی کی بلند سطح کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ باہر جاتے وقت اچھی فٹنگ والا این 95 ماسک استعمال کریں، گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں اور کھلی فضا میں سخت جسمانی مشقت سے اجتناب کریں۔ آنکھوں یا سانس میں تکلیف محسوس ہونے کی صورت میں طبی مشورہ بھی حاصل کیا جائے۔

لاہور کا موسم کیسا رہے گا؟
دوسری جانب لاہور میں صبح سویرے موسم میں خنکی محسوس کی گئی اور درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں ہوائیں 2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔