ملتان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو حکومت کا سب سے محنتی وزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نقوی ان کے بڑے بھائی ہیں اور وہ کافی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محسن نقوی حکومت میں اہم ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور وہ انہیں اپنا بڑا بھائی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کی محنت اور ذمہ داریوں کو سراہا۔بانی پاکستان تحریک انصاف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے انہیں ایک بار پھر سیاسی قیدی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی حقیقت ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کی بھی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود سیاسی رہنماؤں کے حقوق اور اظہارِ رائے کی آزادی کا احترام کیا جانا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے الفاظ ’’Brute Majority‘‘ کو متنازع بنانے کی کوششوں پر بھی ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ وہ نہ کسی پر تنقید کر رہے ہیں اور نہ ہی کسی کو گالی دے رہے ہیں بلکہ صرف اپنا مؤقف بیان کر رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے اور ان کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے سیاسی مؤقف کا اظہار کرتے رہیں گے۔