توقع نہیں تھی، عثمان خواجہ کا پیٹ کمنز کی تنقید پر ردِ عمل

آج بھی کمنز سے بے حد محبت کرتا ہوں اور ہمیشہ انہیں آسٹریلیا کا کپتان برقرار دیکھنا چاہتاہوں
سڈنی (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ کپتان پیٹ کمنز کی حالیہ طویل پریس کانفرنس کے دوران ان پر کی جانے والی تنقید سے انہیں شدید دکھ پہنچا، تاہم وہ آج بھی کمنز سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ہمیشہ انہیں آسٹریلیا کا کپتان برقرار دیکھنا چاہتے تھے۔پوڈکاسٹ دی گریڈ کرکٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا کہ وہ پیٹ کمنز کو بحیثیت انسان اور قائد ہمیشہ پسند کرتے رہے ہیں لیکن انہیں توقع نہیں تھی کہ کمنز اس انداز میں ذاتی طور پر ان پر تنقید کریں گے۔عثمان خواجہ کے مطابق کمنز نے جس طویل انداز میں ان کے بیانات پر ردعمل دیا اور مسلسل تنقید جاری رکھی، وہ ان کے لیے انتہائی مایوس کن تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پیٹ کمنز کا ایسا پہلو پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔عثمان خواجہ نے انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو ایک تجویز بھیجی تھی جس میں 2018 کی آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے ایک مشترکہ بیان کا مسودہ شامل تھا۔ اس کا مقصد جنوبی افریقا کے دورے کے دوران بال ٹیمپرنگ تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرنا تھا۔