بھارتیوں کی تنگ نظری، پاکستانی نیٹ فلکس سیریز کی ریلیز بھارت میں روکنے کا مطالبہ

کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستانی نیٹ فلکس سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی ریلیز سے پہلے ہی بھارت میں اس کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔آل انڈیا سنی ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ سیریز کی بھارت میں نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔ اس مطالبے پر پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی تنقید سامنے آرہی ہے۔سیریز کے مداح اس کی ریلیز کے منتظر ہیں، تاہم رپورٹ کے مطابق بھارت میں اس کی نمائش کے حوالے سے ایک سال سے زائد عرصے تک رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیں کی جاتی رہیں۔ چونکہ نیٹ فلکس کا جنوبی ایشیائی ہیڈکوارٹر بھارت میں ہے، اس لیے ابتدا میں سیریز کی ریلیز میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم بعد ازاں نیٹ فلکس کے مشرق وسطی کے دفتر کے ذریعے اس کی ریلیز ممکن بنائی گئی۔پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس معاملے پر طنزیہ تبصرے کیے، جب کہ بھارتی صارفین کے ایک حلقے نے کہا کہ پابندیوں کے بجائے بھارتی فلم اور ڈراما انڈسٹری کو اپنے منصوبوں کا معیار اور دائرہ کار بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔اداکارہ مشی خان نے بھی ویڈیو پیغام کے ذریعے اس معاملے پر تنقید کی ہے۔