نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینی ہے:مریم نواز

 کسی کو نفرت کے بیج بونے نہیں دیں گے‘ اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی خطرناک شکل ہے:نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن  پرپیغام
نواز شریف آئی ٹی سٹی، پنجاب کا پہلا سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی سے منظور شدہ منصوبہ بن گیا ہے: وزیراعلیٰ پنجاب  کی اجلاس میں گفتگو

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے  نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینی ہے۔وزیراعلی پنجاب شریف نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، نفرت انگیز تقاریر کا زہر معاشروں میں تقسیم، انتشار اور تشدد کو جنم دیتا ہے جو ایک فرد نہیں بلکہ پوری انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی سب سے خطرناک شکل ہے جس کے نتیجے میں مسلمانوں کی شناخت، ان کی مساجد اور حتی کہ گھروں کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے، نفرت کی روش عالمی امن کے لئے ایک مستقل خطرہ بن چکی ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ کرے اور ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے جو معاشروں کو تقسیم کرنے کے درپے ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ کسی کو بھی نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وطن عزیز میں محبت، برداشت اور باہمی احترام کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ایک پرامن، مضبوط اور ہم آہنگ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی بی ڈی کے سی ای او عمران امین نے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی پنجاب کا پہلا منصوبہ بن گیا ہے جسے سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) کی منظوری حاصل ہو چکی ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت ''سیلی کون بلاک'' کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔عالمی سطح پر بڑے اور معروف آئی ٹی گروپس کی جانب سے اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منصوبے پر پیش رفت کو سراہا اور ہدایت کی کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لیے مزید مؤثر، تیز تر اور ضروری اقدامات کو فوری یقینی بنایا جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد عملی شکل اختیار کرے۔