شیڈول تبدیل‘لاہور میں بسنت جنوری کے بجائے مارچ میں ہوگی

تاریخ تبدیل کرنے کی سمری ڈپٹی کمشنر نے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوائی تھی‘ فیصلے کے تحت 12 سے 14 مارچ تک جشنِ بسنت کی تقریبات ہوں گی
لاہور(آئی این پی )پنجاب کی کابینہ نے لاہور میں بسنت منانے کی تاریخ تبدیل کرنے کی سمری منظور کرلی، جس کے تحت اب جشنِ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منایا جائے گا۔  حکومت پنجاب نے اس سے قبل بسنت کے لیے 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک 10 روزہ شیڈول کا اعلان کیا تھا، اب سابقہ شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے تقریبات کے لیے مارچ کی نئی تاریخیں مقرر کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں بسنت کی تاریخ تبدیل کرنے کی سمری ڈپٹی کمشنر لاہور نے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوائی تھی، جس کے بعد محکمہ داخلہ نے سمری صوبائی کابینہ کو منظوری کے لیے ارسال کی، پنجاب کابینہ نے اس تجویز کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں بسنت کی تقریبات اب مارچ 2027 میں منعقد ہوں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے بسنت کے سابقہ شیڈول پر نظرثانی کے بعد نئی تاریخیں طے کی ہیں،اس فیصلے کے تحت لاہور میں 12 سے 14 مارچ تک جشنِ بسنت کی تقریبات ہوں گی، اس سے قبل جنوری اور فروری کے دوران بسنت منانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جس کے لیے 10 روزہ مدت مقرر کی گئی تھی۔