لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منعقد ہوگی

بسنت کے علاوہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار رہے گی،سیکرٹری داخلہ 
لاہور(سپیشل رپورٹر )سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منعقد ہوگی، جبکہ مقررہ تین دنوں کے علاوہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار رہے گی۔ اجلاس میں بسنت کے موقع پر انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے جامع حفاظتی اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،سیکرٹری داخلہ نے واضح کیا کہ شہر میں کسی غیر محفوظ یا ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات کے مطابق بسنت کے دوران پتنگ بازی کیلئے استعمال ہونے والی چھتوں کی دیواریں اور گرِل کم از کم ساڑھے 3 فٹ بلند اور مضبوط ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، چھت کی پائیداری اور محفوظ ہونے کی ذمہ داری مالک مکان پر عائد ہوگی، جبکہ اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیروں اور سیڑھیوں کی ضروری مرمت بسنت سے قبل مکمل کرنا ہوگی، عمارتوں کے مالکان کو 31 دسمبر 2026 تک تمام حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے