اسلام آباد (آن لائن) حکومت نے بجلی صارفین کو عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے اچانک اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم فیصلہ کرلیا ہے۔ اکتوبر سے دسمبر 2026 تک تین ماہ کے لیے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس کے تحت اس عرصے کے دوران فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کو صرف 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز ہے۔ ڈویژن کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی صارفین کو قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ترجمان پاور ڈویڑن کے مطابق حکومت نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیا فارورڈ لکنگ میکنزم تجویز کیا ہے، جس کے تحت تین ماہ کی مدت کے لیے ایندھن کی لاگت اور بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کو ایک متعین طریقہ کار کے تحت رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ مجوزہ نظام کے ذریعے صارفین پر اچانک اضافی مالی بوجھ پڑنے کے امکانات کم ہوں گے اور بجلی کے نرخوں میں نسبتاً استحکام پیدا کیا جاسکے گا۔