عید کا تحفہ،بجلی 93پیسے یونٹ مہنگی
فیول ایڈجسٹمنٹ :بجلی 93 پیسے یونٹ مہنگی
قیمتوں میں اضافہ کے الیکٹرک کے سوا تمام صارفین پر لاگو ہوگا
کراچی کے شہریوں کے لئے بجلی 2روپے 98پیسے فی یونٹ سستی کر دی گئی،باقی ملک کے لئے بجلی مہنگی کرنے پر شہری سراپا احتجاج،حکومت فوری طور پر بنیادی نرخوں میں کمی کر کے یکساں ریلیف دے،شہریوں کا مطالبہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)عید کا تحفہ ،نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 93 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ اضافہ کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہوگا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے الیکٹرک کے سوا تمام صارفین پر لاگو ہوگا۔کراچی کے شہریوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ کے الیکٹرک کے ٹیرف میں 2 روپے 98 پیسے فی یونٹ کمی کر دی گئی ہے۔کے الیکٹرک کے ٹیرف میں کمی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی، کراچی کے شہریوں کو ریلیف رواں ماہ کے بلوں پر ملے گا۔عوام کا کہنا ہے کہ حکومت نے بجلی سستی کرنے کے کئی بار دعوے کئے ہیں تا ہم پھر بجلی مہنگی کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دو وقت کی روٹی کھائیں یا بجلی کے بل ادا کریں۔حکومت فوری طور پر بجلی کے بنیادی نرخوں میں کمی کرے اور یکساں ریلیف دیا جائے۔ٹیرف سسٹم بھی ختم کر کے بجلی کا ریٹ مقرر کیا جائے۔