5 سال کے دوران10لاکھ گھر بنیں گے لاہور کی سڑکوں پر اگلے ہفتے سے الیکٹرک ٹرام چلے گی مریم نواز

 نواز شریف نے  5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف دیا تھا، اڑھائی لاکھ گھر تعمیر کئے جاچکے،  ایک لاکھ سے زائد مکمل ہیں ‘ خاندان وہاں رہائش اختیار کرچکے ہیں
 کل تک  جوکرائے کے مکانوں میں رہتے تھے آج  گھروں کے مالک بن چکے  ہیں‘ جس کے پاس گھر نہیں  اسے  15لاکھ بلاسود قرض  دیا جائے گا :ملتان میں خطاب
 لاہورملتان(آئی این پی‘آن لائن )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹ میں نئی جدت لاتے ہوئے لاہور میں پہلی ٹریک لیس الیکٹرک ٹرام چلانے کی تاریخ کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ لاہور میں ٹریک لیس الیکٹرک ٹرام آئندہ ہفتے سے سڑکوں پر رواں دواں ہوگی۔منصوبے کے ابتدائی خاکے کے مطابق ٹرام کے لئے  کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک تقریبا 27 کلومیٹر طویل روٹ تجویز کیا گیا تھا تاہم ماحولیاتی خدشات، خصوصا درختوں کی ممکنہ کٹائی کے باعث کینال روڈ کو منصوبے سے خارج کر دیا گیا۔ملتان میں اپنی چھت اپنا گھر سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا  صوبے میں آئندہ 5 سال کے دوران 10 لاکھ گھر تعمیر کئے جائیں گے‘  اڑھائی لاکھ گھر بن چکے ہیں، جن میں ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل ہوچکے ہیں اور خاندان ان میں منتقل بھی ہوگئے ہیں۔ نواز شریف نے انہیں 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف دیا تھا، تاہم انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کم از کم 10 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ جو کل تک کرائے کے مکانوں میں رہتے تھے اور آج اپنے گھروں کے مالک بن چکے  ہیں۔ تقریباً 70 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ کہیں دیواریں اٹھائی جا رہی ہیں، کہیں چھتیں ڈالی جا رہی ہیں اور کہیں دروازے اور رنگ و روغن کا کام ہو رہا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے پونے 2 سال میں ہونے والی پیشرفت اس بات کا ثبوت ہے کہ اسکیم کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کا اپنے گھر کا  خواب پورا ہوا ہے۔ اب تک ڈھائی لاکھ گھر بن چکے ہیں ، ستر ہزار زیر تعمیر ہیں  انہوں نے کہا کہ جس کے پاس گھر نہیں  اسے  پندرہ لاکھ بلاسود قرض  دیا جائے گا ۔   جن لوگوں نے اب تک قرض لے لیا انکی طرف سے قرض کی واپسی کی شرح ستانوے اعشاریہ چھ فیصد ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔   انہوں نے کہا کہ آج وہ عوام سے کوئی نیا وعدہ کرنے نہیں آئیں بلکہ اب وعدوں کی تکمیل کا وقت ہے۔