ٹرام سروس کا اگلے سال سے آغاز

فیصل آباد، گوجرانوالہ میٹرو ٹرین منصوبے بھی منظور، روزانہ لاکھوں مسافر مستفید ہونگے، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر 
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب حکومت نے لاہورمیں ٹرانسپورٹ کے جدید منصوبے کے طور پر ٹرام سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے مطابق ٹرام کا کامیاب ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ سروس فروری 2026سے ٹھوکر سے ہربنس پورہ تک چلائی جائے گی۔ ٹرام میں 270 نشستوں کی گنجائش ہوگی جبکہ منصوبے پر 30 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔ منصوبے کیلئے پنجاب نیسپاک اور پی ایم اے افسروں نے چین کا دورہ بھی کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی میٹرو ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصل آباد میٹرو ٹرین یومیہ 3 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی جس پر 110 ملین ڈالر لاگت جبکہ گوجرانوالہ میٹرو منصوبے پر 50 ملین ڈالر لاگت آئے گی اور روزانہ 1 لاکھ 40 ہزار افراد سفر کر سکیں گے۔بلال اکبر کا کہنا تھا کہ لاہور میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے بڑھتی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ٹرام اور میٹرو ٹرین منصوبے انتہائی اہم کردار ادا کرینگے۔