جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں: محمود اچکزئی ‘ راجہ ناصر عباس

اسلام آباد (آن لائن) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے مولانا فضل الرحمان کی آزادانہ نقل و حرکت میں مبینہ رکاوٹوں اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کی گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی جبر اور پابندیوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت پر عائد رکاوٹیں ختم اور گرفتار رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت محدود کرنا اور جمعیت علمائے اسلام کے قائدین کو گرفتار کرنا جمہوری اصولوں، آئینی حقوق اور سیاسی آزادیوں کے منافی ہے۔ سیاسی جماعتوں کی قیادت اور رہنماؤں کو پْرامن سیاسی سرگرمیوں سے روکنا جمہوری نظام کی روح کے خلاف ہے۔