کارکن گھروں سے نکلیں ‘ سڑکوں پر آجائیں ‘ تمام راستے بند کردیں، ہائی ویز روک دیں، موٹرویز روک دیں اور احتجاج کریں :مولانا فضل الرحمان کا ویڈیو پیغام
مولانا فضل الرحمان کا اپیل پر ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج‘لاہور میں راستے بند‘، پشاور موٹروے ٹول پلازہ بند‘کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر جے یو آئی کارکنوں کا دھرنا
لاہور‘پشاور‘کراچی(آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پورا ملک جام کرنے کی کا ل دیتے ہوئے کہا ہے کہکارکنوں اور رہنمائوں کی گرفتاریوں اور جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے پر سڑکوں پر آئیں اور ملک بھر کے راستوں کو جام کردے۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم سے سڑکوں پرآنے اور ملک بھر کے راستوں کو بلاک کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ہم نے سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا کہ وہ اعلان اب بھی برقرار ہے لیکن اطلاعات یہ ہیں کہ سرگودھا جانے والے سارے راستے بند کردئیے گئے ہیں، بنڈال پر پولیس کا مکمل قبضہ ہے، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ہمارے اہم رہنمائو ں کو گرفتار کیا گیا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں ہم جلسہ گاہ تک پہنچے یا نہیں، میں اعلان کرتا ہوں اور تمام صوبوں اور ان کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے گھروں سے نکلیں اور میدان میں نہیں بلکہ سڑکوں پر آجائیں اور تمام راستے بند کردیں، ہائی ویز روک دیں، موٹرویز روک دیں اور احتجاج کریں کہ ہمیں ایک جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے، ہمیں ایک جلسہ کیوں نہیں کرنے دیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ کیوں اس جلسے کو روکنے کے لئے کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے، اس تمام صورتحال پر پورا ملک احتجاج کرے گا، سڑکوں پر نکلے گا اور تمام شاہراں کو احتجاج کے طور پر بند کردیں۔ مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال کے تناظر میں پشاور موٹروے ٹول پلازہ پر آمدورفت روک دی گئی ‘جے یو آئی کے کارکنوں نے کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں کو دھرنا دے کر بند کردیا۔