رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم ، احتجاج پر گرفتار7 خواتین کی ضمانت پر سماعت ملتوی
سلمان اکرم کی حفاظتی ضمانت ،مقدمات کی تفصیلات کیلئے وفاق کو پیر کیلئے نوٹس جاری
لاہور،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 250 کارکنوں کی بازیابی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرکے درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دیدیا۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے پی ٹی آئی کے اکمل خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کے خلاف درخواست پر سماعت کی ،درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج کیلئے مہم چلا رہے ہیں ،درخواست گزار کے بھائی سمیت 250 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پی ٹی آئی کے 250 مغوی کارکنوں کی بازیابی کا حکم دے۔جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد شائستہ کنڈی کی عدالت نے5 اگست احتجاج پردرج مقدمہ میں گرفتارپی ٹی آئی کی 7 خواتین کارکنوں کی ضمانت بعدازگرفتاری درخواستوں میں پولیس ریکارڈ نہ آنے پر سماعت ملتوی کردی۔ گزشتہ روزسماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے ضمانت کیلئے دو ، دو درخواستیں دائر کی گئیں،علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ ان بزرگ خواتین سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی، عدالت نیسماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفرازڈوگر کی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے وفاق اور وفاقی پولیس کو پیر کیلئینوٹس جاری کردیئے۔سماعت کے دوران سلمان اکرم عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ مزید کچھ مقدمات سامنے آگئے ہیں،اب تک کتنی ایف آئی آرز ہوچکی ہیں مجھے علم نہیں، تفصیلات آنے تک حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرسکوں، عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔