بھارت اور اسرائیل نے اپنی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے، آزاد تجارتی معاہدے کے لیے ٹرمز آف ریفرنس (T.O.R) پر دستخط کیے ہیں۔
یہ معاہدہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں بھارتی کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل اور اسرائیلی معیشت و صنعت کے وزیر نیربرکت کے درمیان ہوا۔بھارتی وزیر پیوش گوئل کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی بنیادوں پر استوار کرنا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں۔ اس کے علاوہ، اسرائیلی وزیر نے کہا کہ بھارت ایک طاقتور ملک کے طور پر ابھر رہا ہے اور مستقبل میں عالمی سطح پر ایک بڑی قوت بن سکتا ہے۔
اس معاہدہ کے تحت، ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو کم یا ختم کیا جائے گا، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی، ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں تعاون میں اضافہ ہوگا، اور خدمات کے شعبے میں قواعد و ضوابط میں نرمی کی جائے گی۔ یہ اقدامات دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور کاروباری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت ایشیا میں اسرائیل کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جو اس خطے میں دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔