امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان ایک "شاندار تجارتی معاہدے" پر دستخط ہو چکے ہیں، جب کہ جلد بھارت سے بھی ایک بڑے معاہدے کی امید ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا:“ہم نے چین کے ساتھ ایک بہترین معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ جلد ہی بھارت کے ساتھ بھی ایک بڑا تجارتی معاہدہ طے پا جائے گا، جس سے امریکی مصنوعات کے لیے بھارتی منڈی کھلے گی۔”صدر ٹرمپ نے اس موقع پر چین کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم امریکی کامرس سیکریٹری ہاورڈ لٹنک کے مطابق چین کے ساتھ یہ معاہدہ دو روز قبل مکمل کیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی محصولات (ٹیکس) کی جنگ میں کمی کے بعد پہلا بڑا معاہدہ ہے، جو عالمی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔فی الحال معاہدے کی جزئیات اور شرائط عام نہیں کی گئیں، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں معاشی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔