جوبا(خصوصی رپورٹ ) جنوبی سوڈان کی ریاست یونٹی میں ایک فضائی حادثے میں بین الاقوامی فلاحی تنظیم کا امدادی سامان لے جانے والا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔حادثے کے نتیجے میں عملے کے تینوں ارکان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ طیارہ ناری ایئر کے زیرِ انتظام تھا اور تقریبا دو ٹن خوراک لے کر جوبا سے روانہ ہوا تھا۔ اس امدادی سامان کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک فوری ریلیف پہنچانا تھا، تاکہ متاثرین کو بنیادی ضروریات فراہم کی جاسکیں۔فلاحی تنظیم کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے، نہایت افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ طیارے کے تمام تینوں عملے کے افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نمائندے نے اسے تنظیم کیلئے ایک بڑا سانحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ عملہ مشکل حالات میں بھی انسانی جانیں بچانے کے مشن پر کام کر رہا تھا