راولپنڈی: خاتون کو ہراساں کرنے پر ملزم گرفتار، قانون حرکت میں آ گیا

راولپنڈی: خاتون کو ہراساں کرنے پر ملزم گرفتار، قانون حرکت میں آ گیا

راولپنڈی کے تھانہ بنی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو رشتے سے انکار پر خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

 مدعی مقدمہ نے بتایا کہ ملزم نے اس کی بہن کو رشتہ رد کرنے پر ہراساں کیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس سلسلے میں تھانہ بنی پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس پی راول نے اس واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار شخص کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی تاکہ اسے قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین، بچوں پر تشدد، ہراسمنٹ یا کسی قسم کی زیادتی ناقابل برداشت ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ایس پی راول نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی تشویشناک واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے اور معاشرے میں امن و امان قائم رہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ایسے واقعات کے لیے سخت ایکشن لیا جائے گا۔