کراچی میں آج دوپہر سے شام کے درمیان گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے ہلکی بارش متوقع ہے، جس کے ساتھ بعض علاقوں میں آندھی بھی چل سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے اثرات کراچی میں نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ موجودہ وقت میں ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ دن بھر چلنے والی ہواؤں کی رفتار 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آج جمعرات تک محدود رہ سکتا ہے۔آئندہ 3 گھنٹوں کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں۔ مغربی سندھ سے حرکت کرنے والا بارش برسانے والا سسٹم دادو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، جامشورو، حیدرآباد اور گردونواح تک پہنچنے کی توقع ہے۔کراچی میں سردی کی شدت چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کل بلوچستان کی سرد ہوائیں چلنے کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا بھی امکان ہے۔گزشتہ روز کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ آج صبح شہر میں ہلکی دھند کے باعث حد نگاہ 2 کلومیٹر تک محدود رہی اور نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔شہریوں کو احتیاط برتنے، چھتری اور گرم لباس کے استعمال، اور بارش یا آندھی کے دوران ڈرائیونگ میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔