اے آئی کا استعمال، امر یکی کمپنی ایچ پی کے ہزاروں ملازمین برطرف

واشنگٹن (آئی این پی )کمپیوٹر اور پرنٹر بنانے والی امریکی کمپنی ایچ پی نے اعلان کیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس یعنی مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر دس فیصد ملازمین کو آئندہ سالوں میں برطرف کر دیا جائے گا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایچ پی کمپنی تجدید کے عمل اور کسٹمر سروس کو مزید بہتر کرنے کے لئے  اے آئی کے استعمال پر تمام تر توجہ مرکوز کرے گی۔بین الاقوامی کمپنی ایچ پی نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے دفاتر میں چار سے چھ ہزار ملازمین کو برطرف کیا جائے گا۔ایچ پی کا یہ اقدام ٹیکنالوجی سیکٹر میں وسیع تر رجحان کی بھی عکاسی کرتا ہے جہاں کمپنیاں اے آئی کی ڈویلپمنٹ پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر رہی ہیں جبکہ اپنے اخراجات کو کم کرنے کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کی مدد لے رہی ہیں۔دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں جیسے گوگل، مائیکروسافٹ اور ایمازون گزشتہ دو سالوں میں اپنی افرادی قوت میں کمی لا چکی ہیں تاکہ ان وسائل کو اے آئی کی ڈویلپمنٹ کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کسٹمر سپورٹ، آن لائن مواد کی نگرانی اور جائزہ، ڈیٹا اینٹری اور کمپیوٹر پروگرامنگ سے منسلک کام پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔