مشترکہ مشق سے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہوا:آئی ایس پی آر
ریاض(آئی این پی ) پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ عسکری مشق البطار۔II کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ عسکری مشق کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئی جس سے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہوا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشق 18سے 26 نومبر تک سعودی عرب کے خطے تبوک میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کا محور انسدادِ دہشت گردی تھا۔بیان میں کہا گیا کہ مشق میں پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ اور سعودی آرمی کے خصوصی دستوں نے حصہ لیا۔اختتامی تقریب 26 نومبر کو سعودی عرب کے علاقے تبوک میں منعقد ہوئی، تقریب میں پاکستان کی جانب سے جنرل آفیسر کمانڈنگ اسپیشل سروسز گروپ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سعودی عسکری قیادت کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے