روس کی کالعدم تنظیموں کی فہرست سے طالبان کو نکالنے کی یقین دہانی

کابل (آن لائن)روس کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار سرگئی شوئیگو نے طالبان کو روسی کالعدم تنظیموں کی فہرست سے جلد نکالنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار سرگئی شوئیگو نے کابل میں ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں افغان وفد سے ملاقات کی۔ افغان نائب وزیرِ اعظم برائے اقتصادی امور عبدالغنی برادر کا کہنا ہے کہ روس کا کہنا ہے کہ جلد طالبان کا نام ماسکو کی کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا۔عبدالغنی برادر کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرگئی شوئیگو نے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔