پنجاب میں89 کالعدم تنظیموں اور غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں کی فہرست جاری زکوۃ‘خیرات اور عطیات نہ دیئے جائیں:محکمہ داخلہ

 شہری صرف رجسٹرڈ اداروں کو ہی اپنے عطیات دیں، جن کی تصدیق سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ سے کی جا سکتی ہے:اعلامیہ
لاہور(دانش منیر ) محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں اور غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں کی فہرست جاری کرتے ہوئے  شہریوں کو ان کی معاونت سے روک دیا ہے۔ فہرست میں 89 کالعدم تنظیموں اور غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں کے نام شامل ہیں۔محکمہ داخلہ نے بتایا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کے تحت کالعدم تنظیموں سے معاونت کرنا جرم ہے، شہری غیر رجسٹرڈ اور کالعدم خیراتی اداروں کو زکوۃ، خیرات اورعطیات نہ دیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ریاست مخالف کالعدم تنظیموں کی امداد کرنے والیقانون کے شکنجے میں آئیں گے، پنجاب میں خیراتی اداروں کیلئے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازم ہے لہذا شہری زکو، خیرات اور عطیات صرف چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دیں۔محکمہ داخلہ کے مطابق کالعدم تنظیموں کو زکو اور عطیات دینا جرم ہے اور مالی مدد کرنے والے افراد قانون کے شکنجے میں آئیں گے، اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب میں خیراتی اداروں کی رجسٹریشن پنجاب چیریٹی کمیشن سے ہونا لازمی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ شہری صرف رجسٹرڈ اداروں کو ہی اپنے عطیات دیں، جن کی تصدیق سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ سے کی جا سکتی ہے۔ محکمہ داخلہ نے زور دیا ہے کہ شہری یقینی بنائیں کہ ان کی امداد دہشت گردوں کے بجائے صرف اصل حقداروں تک پہنچے۔جاری کردہ فہرست میں لشکر جھنگوی، سپاہ محمد پاکستان، جیش محمد، لشکر طیبہ، سپاہ صحابہ، تحریک جعفریہ، القاعدہ، تحریک نفاذ شریعت محمدی، تحریک اسلامی، خدام الاسلام، تحریک طالبان پاکستان، اور داعش شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان لبریشن آرمی، سندھو دیش ریولیوشنری آرمی، پشتون تحفظ موومنٹ، تحریک لبیک پاکستان،  زینبیون بریگیڈ اور حافظ گل بہادر گروپ بھی کالعدم قرار دیے گئے ہیں۔فہرست میں مختلف خیراتی و رفاہی ناموں سے کام کرنے والے ادارے بھی شامل ہیں جن میں الرحمت ٹرسٹ بہاولپور، الفرقان ٹرسٹ کراچی، فلاح انسانیت فانڈیشن، الا اختر ٹرسٹ، معمار ٹرسٹ، اور الحمد ٹرسٹ نمایاں ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کالعدم تنظیموں کی جانب سے چندہ اکٹھا کرنے یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ٹال فری نمبر 080011111 یا ہیلپ لائن 04299213871 پر دیں۔ کالعدم تنظیموں کی مکمل فہرست محکمہ داخلہ پنجاب اور نیکٹا کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔