ٹرنچ لیس ٹنل بورنگ، 14.16ارب کا منصوبہ

جدید ٹیکنالوجی کے تحت سطح کو توڑے بغیر زیرِ زمین بڑی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی ، واسا عملدرآمد کیلئے متحرک 
 لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے 23 لاکھ 50 ہزار شہریوں کے سیوریج مسائل کے حل کیلئیوفاقی حکومت نے شہر کے پہلے ٹرنچ لیس ٹنل بورنگ منصوبے کی منظوری دے دی ۔ وفاقی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے منصوبے کے میٹنگ منٹس بھی جاری کر دئیے ۔منصوبے پر 14 ارب 16 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، جسے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت پہلے ہی اس ٹیکنالوجی کی منظوری دے چکی ہے جبکہ واسا لاہور منصوبے پر عملدرآمد کے لئے متحرک ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے تحت زمین کی سطح کو توڑے بغیر زیرِ زمین بڑی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی۔ شہریوں کو کھدائی کا شور برداشت کرنا پڑے گا اورنہ ہی سڑکوں کی بندش کا سامنا ہوگا۔ منصوبے کے تحت لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک نیا سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا جو علاقے کے پانی کی نکاسی کا دیرینہ مسئلہ حل کرے گا۔ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان سے محفوظ رکھے گی۔