باسی چاول کھانے سے خاتون اور چار بچے بیمار

 چاولوں کی خرابی کے باعث زہریلا اثر پیدا ہوا، یہ صورتحال پیداہوئی:ڈاکٹرز
الہ آباد (خصوصی رپورٹ )باسی چاول کھانے سے خاتون اور چار بچے بیمار، ہسپتال منتقل،ریسکیو کی بروقت کارروائی، متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم۔بتایا گیا ہے کہ الہ آباد کے نواحی قصبہ شامکوٹ میں باسی چاول کھانے سے ایک خاتون اور اس کے چار بچے شدید علیل ہو گئے۔ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو ابتدائی طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا۔ زبیدہ بی بی کے اہل محلہ رات کو ان کے گھر چاول دے گئے تھے، جو انہوں نے صبح ناشتے میں گرم کر کے خود بھی کھائے اور اپنے بچوں 13 سالہ حسیب، 10 سالہ منہال، 8 سالہ حبیب اور 6 سالہ سارہ کو بھی کھلا دیے۔ تھوڑی دیر بعد ہی سب کی طبیعت اچانک خراب ہونے لگی اور قے و متلی کی شکایات سامنے آئیں۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر متاثرین کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مقامی ہسپتال منتقل کیا، ڈاکٹرز کے مطابق چاولوں کی خرابی کے باعث زہریلا اثر پیدا ہوا، جس سے یہ صورتحال پیش آئی ہے۔